منیلا: پاکستانی ماڈل اور فیشن گرل مصباح ارشد نے 10 فائنلسٹس پر مشتمل مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے ’مس یونیورس پاکستان 2026‘ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
تاج پوشی کی یہ پروقار تقریب فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے تاریخی رزَل پارک ہوٹل میں منعقد کی گئی، جس کی ریکارڈ شدہ ویڈیوز یوٹیوب پر دو حصوں میں جاری کی گئیں۔ اس شاندار فتح کے بعد مصباح ارشد رواں سال 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں انعقاد پذیر ہونے والے ‘مس یونیورس 2026’ کے عالمی و تاریخی مقابلے میں دنیا بھر کی 130 حسیناؤں کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کریں گی۔
سن 2000 میں پیدا ہونے والی مصباح ارشد کا تعلق بنیادی طور پر پاکستان سے ہے اور وہ اس وقت جرمنی کے شہر میونخ میں مقیم ہیں جہاں وہ یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ مصباح ارشد اس سے قبل بھی بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ملک کی نمائندگی کر چکی ہیں؛ وہ مس پاکستان ورلڈ 2023، مس اورا پاکستان 2023، مس انٹرنیشنل پاکستان 2023 اور مس سپرا نیشنل پاکستان 2024 کے ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔
مس یونیورس کے ڈائمنڈ اینیورسری (60ویں سالگرہ) کے موقع پر مصباح ارشد کا کہنا ہے کہ وہ عالمی منبر پر پاکستان کی مثبت شناخت، منفرد ثقافت، اعتماد اور خوبصورتی کی بھرپور نمائندگی کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر مداحوں اور تعلیمی و فیشن حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔

