ایرانی ہیکرز کے سائبر حملے سے برطانوی پاور پلانٹ 4 دن کے لیے بند: دی ٹیلی گراف کا انکشاف

لندن: برطانوی جریدے ’دی ٹیلی گراف‘ نے سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ ایرانی حکومت اور پاسداران انقلاب سے وابستہ ہیکرز نے ایک پیچیدہ سائبر حملے کے ذریعے برطانیہ کے ایک پاور پلانٹ کو 4 روز کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ جب دشمن ریاست کے ہیکرز نے برطانیہ کے کسی پاور پلانٹ اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے تک رسائی حاصل کر کے اسے عارضی طور پر غیر فعال کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر برطانوی حکام نے متاثرہ پاور پلانٹ کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم بتایا گیا ہے کہ متاثرہ پلانٹ نسبتاً چھوٹا تھا جس کے باعث برطانیہ کے مجموعی قومی گرڈ اور بجلی کی ترسیل پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔

اخبار کے مطابق یہ واقعہ عین اسی وقت پیش آیا جب امریکا میں بھی 12 ریاستوں کے واٹر سپلائی سسٹمز کو سائبر حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ ماہرینِ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس حملے کا بنیادی مقصد برطانیہ کی اہم و حساس قومی تنصیبات تک رسائی حاصل کرنے اور ان کے ڈیجیٹل آلات کو معطل کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔

دوسری جانب برطانوی حکومت کے ترجمان نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا توانائی نظام انتہائی لچکدار اور محفوظ ہے، جبکہ نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (NCSC) اور متعلقہ ادارے بنیادی ڈھانچے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔