انقرہ: ترکیے نے بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے ‘گلوبل صمود فلوٹیلا’ پر اسرائیلی حملے اور رضاکاروں کی گرفتاری کے مقدمے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف انٹرپول سے ‘ریڈ نوٹس’ جاری کرنے کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔
ترک وزیر انصاف اکِن گورلیک نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ استنبول کی 11ویں ہائی کرمنل کورٹ کی جانب سے 14 جولائی 2026 کو نیتن یاہو اور اسرائیلی عہدیدار افیک ماسکووچ کے خلاف نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
اس عدالتی فیصلے کی روشنی میں وزارتِ انصاف نے وزارتِ داخلہ کے ذریعے انٹرپول کو ریڈ نوٹس کی رسمی درخواست ارسال کر دی ہے تاکہ ملزمان کی عالمی سطح پر نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ اس مقدمے میں نیتن یاہو سمیت 35 اسرائیلی حکام نامزد ہیں جن پر بین الاقوامی پانیوں میں امدادی بیڑے پر مسلح حملہ، تشدد اور شہریوں کو اغوا کرنے جیسے سنگین الزامات ہیں۔
ترکیے کی اس شدید قانونی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے ترک صدر طیب اردوان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے الزامات کو رد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ مئی 2026 میں اسرائیلی فوج نے غزہ کی ناکہ بندی توڑنے اور امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والے ‘گلوبل صمود فلوٹیلا’ کے 54 بحری جہازوں اور 39 ممالک کے 400 سے زائد رضاکاروں کو سمندر میں سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر حراست میں لے لیا تھا، جس پر انقرہ نے شدید عالمی و قانونی احتجاج اٹھایا ہے۔

