اسلام آباد: جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خطہ پوٹھوہار میں رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے سید پور میں سب سے زیادہ 85 ملی میٹر جبکہ گولڑہ اور ایچ ایٹ میں 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 65 اور پیرودھائی میں 64 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شدید بارش کے باعث کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک پہنچ گئی جس کے بعد ملحقہ حساس آبادیوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور واسا راولپنڈی نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈی واٹرنگ پمپس اور ہیوی مشینری کو فیلڈ میں متحرک کر دیا ہے۔
بارش کا پانی گھروں، زیرِ زمین انڈر پاسز اور اہم شاہراہوں پر جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ دوسری جانب فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تربیلا، چشمہ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید تیز ہواؤں اور مائل بہ طوفان بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 نے شہریوں کو غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

