راولپنڈی: سکیورٹی فورسز اور پولیس نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 49 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں کارروائیاں کیں، جہاں ‘فتنۃ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران ‘فتنۃ الہندوستان’ سے منسلک 37 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، آئی ای ڈیز، ریموٹ ڈیٹونیشن آلات اور دھماکا خیز مواد قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ آپریشنز بھارتی پراکسیز کے مکمل خاتمے اور ‘عزمِ استحکام’ کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دہرایا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ بلاتعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔

