سیئول: جنوبی کوریا کے وزیر دفاع آہن گیو بیک نے انکشاف کیا ہے کہ تحقیقی اداروں کے تخمینوں کے مطابق شمالی کوریا کے پاس 80 سے 120 کے درمیان ایٹمی وار ہیڈز موجود ہو سکتے ہیں، جو کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دعوے سے کہیں زیادہ ہیں۔
پارلیمانی دفاعی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے جنوبی کوریا کے وزیر دفاع آہن گیو بیک نے بتایا کہ عام طور پر شمالی کوریا کے جوہری ذخیرے کا اندازہ 80 سے 120 وار ہیڈز کے درمیان لگایا جاتا ہے، تاہم حتمی اور درست تعداد کا تعین کرنا انتہائی مشکل ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ اعداد و شمار نجی تحقیقی اداروں کے ہیں اور جنوبی کوریائی فوج باضابطہ طور پر ان کی تصدیق نہیں کر سکتی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر، جس میں انہوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے پاس 57 انتہائی طاقتور ایٹمی ہتھیاروں کا دعویٰ کیا تھا، جنوبی کوریائی وزیر دفاع نے مسکراتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے بتائے گئے اعداد و شمار ہمارے تخمینوں سے مختلف معلوم ہوتے ہیں۔
وزیر دفاع نے سیئول کی جوہری پالیسی کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ جنوبی کوریا اپنے ایٹمی ہتھیار تیار کرے گا اور نہ ہی اپنی سرزمین پر امریکی ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی دوبارہ تعیناتی قبول کرے گا۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے رواں سال کے آخر میں کم جونگ ان سے چوتھی ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم شمالی کوریا نے اس پر محتاط ردعمل دیا ہے۔

