اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر کے 6 رکنی طبی ٹیم کے معائنے کے بعد صبح سویرے انتہائی سخت سکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو رات ساڑھے 12 بجے کے قریب سخت سکیورٹی حصار اور ایمبولینس کے ساتھ شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور ٹیسٹ رپورٹس کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی موجود تھیں۔ طبی کارروائی اور ضروری چیک اپ کی تکمیل کے بعد انہیں صبح 6 بج کر 5 منٹ پر واپس جیل لایا گیا اور ان کے مخصوص سیل میں شفٹ کر دیا گیا۔
اسپتال منتقلی سے قبل اور اس کے دوران اسلام آباد پولیس اور جیل انتظامیہ کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے خود اسپتال کے سکیورٹی کا معائنہ کیا جبکہ اطراف کے راستوں کو عارضی طور پر بند اور لائٹس کو مدھم کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کو 48 گھنٹوں کے اندر طبی معائنے کے لیے نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جس کی ڈیڈ لائن کے آخری روز یہ پیش رفت سامنے آئی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کو بیرونِ ملک بھیجنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی ہے، تاہم فی الوقت انہیں جیل میں ہی رکھا گیا ہے۔

