اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور معاشی استحکام کے لیے اپوزیشن کو ایک بار پھر باضابطہ طور پر بامقصد مذاکرات کی دعوت دے دی ہے، جس کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے اپوزیشن سے بات چیت کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ "تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے”، اب یہ اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کب مذاکرات کی میز پر آتی ہے۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی سے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا، جبکہ حکومت نے سبسڈی اور پی ایس ڈی پی کٹوتی کے ذریعے عوام کی بہتری کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
دوسری جانب، پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت سے ہی سیاسی مسائل کا حل ممکن ہے، تاہم وزیراعظم اس بار صرف بیان بازی تک محدود نہ رہیں بلکہ بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے سوال پر بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ فی الوقت ان کے پاس کوئی حتمی اطلاع نہیں ہے، لیکن امید ہے کہ عدالتی احکامات پر جلد عملدرآمد کرتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کر دیا جائے گا۔

