سکیورٹی فورسز کی پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، ’فتنہ الہندوستان‘ کے 5 دہشتگرد ہلاک

پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ’فتنہ الہندوستان‘ کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن ’ردالفتنہ 3‘ کے تحت کارروائی کی، جہاں دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر تخریب کاری کی بڑی کارروائی کرنے جا رہے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے جدید ٹیکنالوجی اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں، آئی ای ڈی ڈیوائسز، جدید اسلحہ و گولہ بارود اور کالعدم تنظیم کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد خطے میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت اقدام سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ہیں اور پورا ملک دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔