اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا علاج نجی اسپتال سے کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی اور فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی بیماری اور صحت کے حوالے سے ہمیشہ سیاست کی، تاہم ہماری قیادت نے کبھی ایسی روش نہیں اپنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے تحت ہر قیدی کو صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا اس کا حق ہے اور بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق پہلے بھی علاج کی تمام سہولیات میسر تھیں اور آگے بھی دستیاب رہیں گی۔
عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ قیدی کے علاج اور صحت کی سہولیات سے متعلق کوئی ابہام نہیں ہے، تاہم عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے حکومت سپریم کورٹ میں نظرثانی (ریویو) درخواست دائر کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ صحت کے حساس معاملے کو سیاست سے ہمیشہ الگ رکھا جانا چاہیے۔

