عون چوہدری سے طلاق کے بعد دوبارہ شادی معجزے سے کم نہیں: نور بخاری

لاہور: شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابقہ پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے اپنے شوہر عون چوہدری سے طلاق کے بعد دوبارہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے فیصلے پر خاموشی توڑتے ہوئے اسے اللہ تعالیٰ کا معجزہ اور مقدر قرار دیا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نور بخاری نے بتایا کہ انہوں نے یا ان کے شوہر نے دوبارہ شادی کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی، لیکن شاید دونوں کے درمیان محبت ابھی ختم نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ شوبز چھوڑ کر دین کی راہ پر آئیں تو حالات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ دونوں دوبارہ ایک ہو گئے۔ ان کی بیٹی نے بھی دونوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اب وہ اپنے چار بچوں کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں اور عون ان کے بچوں کا بہت خیال رکھنے والے ایک نیک دل انسان ہیں۔

اپنی زندگی کے نشیب و فراز پر بات کرتے ہوئے سابقہ اداکارہ نے کہا کہ طلاق اور متعدد مشکلات کے تجربات سے انہوں نے یہ سبق سیکھا ہے کہ انسان کو ماضی میں الجھنے کے بجائے ہمیشہ آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ صرف اللہ کی ذات ہی انسان کو تنہا نہیں چھوڑتی۔

انہوں نے مزید مشورہ دیا کہ کوئی دوسرا شخص بچے کا حقیقی والد نہیں بن سکتا، اس لیے اگر حالات اجازت دیں تو سابق شوہر سے صلح اور دوبارہ ساتھ رہنے کے امکان پر ضرور غور کرنا چاہیے۔