یوٹیوب کی مونیٹائزیشن پالیسی میں بڑی تبدیلی

سان فرانسسکو: دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے نئے کونٹینٹ کریئیٹرز کے لیے یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کی شرائط کو پہلے کے مقابلے میں دگنا سخت کر دیا ہے۔

امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ اور گوگل کے مطابق نئی پالیسی کا باقاعدہ اطلاق یکم فروری 2027 سے ہوگا۔ تاہم، اس تبدیلی سے وہ تمام کریئیٹرز متاثر نہیں ہوں گے جو پہلے ہی سے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت نئے اور پرانے قوانین کے اہم نکات درج ذیل ہیں:

  • لانگ فارم ویڈیوز واچ ٹائم: اب گزشتہ 365 دنوں میں 4 ہزار گھنٹوں کے بجائے 8 ہزار گھنٹے کا واچ ٹائم حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
  • یوٹیوب شارٹس ویوز: شارٹس ویڈیوز سے مونیٹائزیشن کے لیے گزشتہ 90 دنوں میں 1 کروڑ کے بجائے 2 کروڑ ویوز درکار ہوں گے۔
  • سبسکرائبرز کی حد: کریئیٹرز کے لیے کم از کم 1,000 سبسکرائبرز کی بنیادی شرط برقرار رکھی گئی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

گوگل نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مستقبل میں شارٹس سے مسلسل آمدنی کے لیے کریئیٹرز کو ہر 90 دن میں کم از کم 1 کروڑ ویوز کی حد برقرار رکھنی ہوگی۔ اگر کوئی صارف اس معیار پر پورا نہ اترا تو اس کی شارٹس کی مونیٹائزیشن معطل ہو جائے گی، تاہم وہ اپنی طویل (Long-Form) ویڈیوز سے بدستور کمائی کرتا رہے گا۔

یوٹیوب انتظامیہ کے مطابق اس وقت پلیٹ فارم پر روزانہ 200 ارب سے زائد شارٹس دیکھے جاتے ہیں، جبکہ صرف ٹی وی اسکرینز پر صارفین روزانہ ایک ارب گھنٹے کی ویڈیوز دیکھتے ہیں۔ بڑھتے ہوئے مواد اور ناظرین کی رفتار کے ساتھ توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ نئی شرائط نافذ کی جا رہی ہیں۔