سیول: جنوبی کورین ٹیک کمپنی ‘سام سنگ’ کے آئندہ آنے والے فولڈایبل اسمارٹ فونز سے متعلق ایک نئی اور بڑی لیک سامنے آئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمپنی سال 2027 کے لیے پانچ مختلف فلیگ شپ فولڈایبل ڈیوائسز پر کام کر رہی ہے۔
ٹیک رپورٹس کے مطابق سام سنگ کے ان زیرِ تنصیب ماڈلز کے کوڈ نیمز B9، H9، Q9A، Q9B اور Z9 سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی کے پیٹرن (فلپ 8 کے لیے B8 اور فولڈ 8 کے لیے H8) کو مدنظر رکھتے ہوئے ‘B9’ ممکنہ طور پر ‘گلیکسی زیڈ فلپ 9’ (Galaxy Z Flip 9) اور ‘H9’ ممکنہ طور پر ‘گلیکسی زیڈ فولڈ 9’ (Galaxy Z Fold 9) کا کوڈ نیم ہے۔
لیکس کے مطابق ‘Q9A’ اور ‘Q9B’ کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں کہ یہ ‘گلیکسی زیڈ فولڈ 9 الٹرا’ اور ‘ٹرائی فولڈ 2’ کے مختلف ورژنز ہو سکتے ہیں۔
تاہم، سب سے زیادہ توجہ ‘Z9’ کوڈ نیم نے حاصل کی ہے۔ ٹیک ماہرین کے مطابق ہارڈویئر کے لحاظ سے یہ روایتی اسمارٹ فون کے بجائے کسی ٹیبلیٹ کی طرح دکھائی دیتی ہے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ سام سنگ کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی پہلی ‘رولیبل ڈسپلے’ (Rollable Display) ڈیوائس ہو سکتی ہے جس کی اسکرین کو فولڈ کرنے کی جگہ رول کیا جا سکے گا۔
اگرچہ ان تمام معلومات نے ٹیک دنیا میں سنسنی پھیلا دی ہے، لیکن سام سنگ نے ان رپورٹس اور لیکس پر فی الحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

