ہنگو چیک پوسٹ حملہ: سی ٹی ڈی کارروائی میں ماسٹر مائنڈ ہلاک

ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جبکہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کر دیا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 29 جولائی کو ہونے والے اس حملے میں تقریباً 100 دہشت گرد شریک تھے، جن کے پاس تھرمل ٹیکنالوجی، اسنائپر رائفلیں اور کواڈ کاپٹرز جیسے جدید ترین ہتھیار موجود تھے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے نہ صرف رات کی تاریکی میں جدید آلات کی مدد سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، بلکہ کمک کے لیے آنے والی پولیس ٹیم پر بھی دو سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر پہلے سے گھات لگا کر تین اطراف سے حملہ کیا۔ محدود وسائل کے باوجود پولیس اہلکاروں نے شدید مزاحمت کی، تاہم حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 32 زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے ہنگو کے علاقے چھپری نریاب میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کے مبینہ مرکزی منصوبہ ساز اور انتہائی مطلوب خوارجی کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں فتنۃ الخوارج اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک تمام آپریشنز بلاامتیاز جاری رہیں گے۔