1965 کی جنگ کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 61واں یومِ شہادت، صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کا خراج عقیدت

راولپنڈی: جنگِ ستمبر 1965 کے عظیم ہیرو اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 61 واں یومِ شہادت آج بروز ہفتہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے میجر عزیز بھٹی شہید کی غیر معمولی جرات، شجاعت اور عظیم قربانی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغامات میں رہنماؤں نے کہا کہ شہید کی قربانی وطن کی مٹی کے تقدس کی روشن مثال ہے اور قوم اپنے بہادر شہداء کو ہمیشہ سلام پیش کرتی رہے گی۔

واضح رہے کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے 1965 کی جنگ کے دوران لاہور کے برکی سیکٹر پر مسلسل پانچ دن اور پانچ راتیں دشمن کے سنگین حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے بی آر بی نہر پر دشمن کی پیش قدمی کو روکے رکھا اور 12 ستمبر 1965 کو دشمن کے ٹینک کا گولہ لگنے سے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی اس لازوال قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے سب سے بڑے عسکری اعزاز ‘نشانِ حیدر’ سے نوازا گیا۔