پاکستان کی سعودی عرب کی آئل پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے علاقوں ریاض اور مدینہ میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر کیے گئے ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت اقدام ہے جس کے نتیجے میں آئل پائپ لائن کو نقصان پہنچا اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ اس قسم کے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہیں۔

دفتر خارجہ نے برادر ملک سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ عراق کی جانب سے کیے جانے والے ان حملوں کے بعد سعودی عرب نے 1200 کلومیٹر طویل ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو حفاظتی اقدام کے طور پر عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔