ٹانک میں چیک پوسٹ پر خوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام؛ 12 دہشت گرد ہلاک، 15 جوان شہید

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر ‘فتنہ الخوارج’ کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 12 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کے سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی ناکام کوشش کی۔

جوابی کارروائی کے دوران شدید دباؤ کا شکار ہو کر حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔ اس شدّت کے دھماکے سے چیک پوسٹ کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 15 بہادر سپوت شہید ہو گئے۔

شہدا میں پاک فوج کے 12 جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا 1 سرکاری اہلکار شامل ہے۔

واقعے کے فوراً بعد علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اعادہ کیا ہے کہ ‘عزمِ استحکام’ مہم کے تحت بیرونی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر اور وزیراعظم نے 12 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔