گوگل کا صارفین کو عرصے سے دستیاب ایک اور مفت سہولت ختم کرنیکا اعلان

دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن اور ٹیک جائنٹ ‘گوگل’ نے اپنے صارفین کے لیے اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں ایک اور بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔

اب تک گوگل کی جانب سے مفت فراہم کی جانے والی 15 جی بی اسٹوریج میں صرف گوگل فوٹوز کی میڈیا فائلز، گوگل ڈرائیو اور جی میل کی ای میلز ہی شمار ہوتی تھیں، تاہم اب اینڈرائیڈ فونز کے مکمل بیک اپ ڈیٹا کو بھی اس اسٹوریج کی حد کا حصہ مانا جائے گا۔

گوگل نے اس نئی کلاؤڈ بیک اپ پالیسی کے حوالے سے صارفین کو ای میلز کے ذریعے 45 دن کا نوٹس بھیجنا شروع کر دیا ہے تاکہ صارفین کے پاس اپنی اسٹوریج منیج کرنے یا بیک اپ سیٹنگز کو ایڈجسٹ کرنے کا مناسب وقت ہو۔

اس پالیسی کا اطلاق ہوتے ہی اینڈرائیڈ فون کی سسٹم سیٹنگز، مختلف ایپس کا ڈیٹا، ایس ایم ایس میسجز اور کال ہسٹری بھی اپ لوڈ ہو کر اکاؤنٹ اسٹوریج پر اثر انداز ہوں گی۔

اگرچہ گوگل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اوسطاً فی صارف تقریباً 40 ایم بی اسٹوریج اس بیک اپ کے لیے استعمال ہوگی اور صارفین کو یہ کنٹرول بھی دیا جائے گا کہ وہ کس ایپ یا ڈیٹا کا بیک اپ رکھنا چاہتے ہیں، لیکن اس تبدیلی سے بہت سے صارفین کی اکاؤنٹ اسٹوریج جلد ختم ہونے کا امکان ہے۔

گوگل نے خبردار کیا ہے کہ اگر اینڈرائیڈ بیک اپ یا دیگر ڈیٹا اسٹوریج کی طے شدہ حد سے تجاوز کر گیا، تو صارفین کو اپنا ڈیٹا ڈیلیٹ کر کے جگہ خالی کرنا ہوگی یا پھر ماہانہ فیس کے ساتھ ‘گوگل ون’ (Google One) کے تحت اضافی اسٹوریج پلان خریدنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2026 میں بھی کمپنی کی جانب سے نئے اکاؤنٹس کے لیے مفت اسٹوریج 15 جی بی سے گھٹا کر 5 جی بی کرنے کی آزمائش کی خبریں سامنے آئی تھیں۔