ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات، سیکیورٹی صورتحال، سرحدی انتظام پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و دوطرفہ سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور پاک ایران سرحد پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور باہمی تعاون کے میکانزم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے، تنازعات میں کمی لانے کی حوصلہ افزائی اور بطورِ داعیِ امن پاکستان کی مسلسل کوششوں اور ناگزیر سفارتی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقائی سلامتی، باہمی خوشحالی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی رابطہ اور کوآپریٹو سیکیورٹی میکانزم کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔