عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوشخبری؛ سعودی حکومت نے ایک سالہ ‘ملٹی پل انٹری’ ویزا متعارف کرا دیا

ریاض: سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے زائرینِ حرمین شریفین کی سہولت کے لیے پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ایک سالہ ‘ملٹی پل انٹری’ عمرہ ویزا متعارف کرا دیا ہے۔

خادمِ حرمین شریفین کی ہدایت پر شروع کی جانے والی اس نئ سہولت کے تحت دنیا بھر کے معتمرین ویزا کے اجرا کی تاریخ سے لے کر 365 دنوں کے دوران متعدد بار سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے، جبکہ ویزا کی میعاد کے دوران مجموعی طور پر 90 روز تک قیام کی اجازت ہوگی۔

سعودی حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت زائرین کو ہر نئے سفر سے قبل نسک (Nusuk) پلیٹ فارم کے ذریعے منظور شدہ سروس پیکیج خریدنا لازمی ہوگا، جس کی مدت ویزے کی باقی ماندہ میعاد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

اس کے علاوہ روانگی سے قبل نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔ یہ ویزا ہر بار ملک سے روانگی پر غیر فعال ہو جائے گا اور اگلی بار شرائط پوری کرنے پر فعال ہوگا۔ تاہم، یہ ملٹی پل ویزا یکم ذوالقعدہ سے 13 ذوالحج یعنی حج سیزن کے دوران قابلِ استعمال نہیں ہوگا اور اس عرصے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس سے قبل سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے روزانہ کی لازمی کیٹرنگ فیس کو براہِ راست ویزا فیس میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس پالیسی کا ابتدائی نفاذ یکم ربیع الاول سے پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر کے زائرین پر ہوگا۔

اس کے تحت زائرین سے تقریباً 20 سعودی ریال یومیہ ‘نسک میل واؤچر’ کی مد میں ویزا فیس کے ساتھ وصول کیے جائیں گے اور انہیں ایک منفرد BRN میل کوڈ جاری ہوگا، جس کے ذریعے وہ نسک ایپ سے منسلک 10 ہزار سے زائد منظور شدہ ریستورانوں سے قیام کے دوران کھانا حاصل کر سکیں گے۔