پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے؛ ڈی جی آئی ایس پی آر کی سمر کیمپ 2026 کے طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے ‘سمر کیمپ 2026’ میں شریک ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا، جس میں انہوں نے قومی سلامتی، دہشت گردی اور پاکستان کو درپیش اہم داخلی و بیرونی چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے منعقدہ اس سمر کیمپ میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد شہروں سے نویں سے بارہویں جماعت کے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
نشست کے دوران سمر کیمپ میں شریک طلبہ و طالبات نے بتایا کہ اس سیشن کے ذریعے انہیں ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے انتہائی مؤثر اور جامع آگاہی حاصل ہوئی ہے۔
طلبہ کو خصوصی طور پر بلوچستان میں بھارتی پراکسی ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کی دہشت گردانہ سرگرمیوں اور ان کے ناپاک کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس سمر کیمپ کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں قومی شعور بیدار کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔
سمر کیمپ کے شرکاء نے موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی تیز رفتار منتقلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسے من گھڑت پراپیگنڈے سے بچاؤ کے لیے آگاہی حاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔
طلبہ و طالبات نے اپنے جذباتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم اور بالخصوص نوجوان نسل اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

