اداکارہ میرا سیٹھی نے پہلی بار بلال صدیقی سے علیحدگی کی وجوہات اور ذاتی تجربات پر خاموشی توڑ دی

کراچی: پاکستان کی مقبول اداکارہ، مایہ ناز مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے پہلی مرتبہ اپنی ازدواجی زندگی کی ناکامی، سابق شوہر بلال صدیقی سے علیحدگی اور طلاق کے بعد حاصل ہونے والے ذاتی تجربات پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے خاموشی توڑ دی ہے۔

حال ہی میں معروف اداکار و گلوکار احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران میرا سیٹھی نے انکشاف کیا کہ شادی کرنا اور پھر علیحدگی اختیار کرنا ان کا سراسر ذاتی فیصلہ تھا، اس لیے وہ اپنی زندگی کے اس موڑ کے لیے اپنے سابق شوہر یا کسی دوسرے شخص کو بالکل بھی قصوروار نہیں ٹھہراتیں اور نہ ہی کسی پر الزام عائد کرتی ہیں۔

میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ طلاق کے اس مشکل اور اعصاب شکن مرحلے نے انہیں ذہنی طور پر پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور پختہ بنایا ہے، اور چونکہ ان کی طلاق کو اب برسوں گزر چکے ہیں اور وہ زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں، اس لیے وہ اب اس موضوع پر کھل کر بات کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتیں۔

انہوں نے طلاق کے بعد سیکھے گئے دو سب سے اہم اسباق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ انسان کو ہر وقت صرف اپنے جذبات یا گَٹ فیلنگ پر اندھا اعتماد نہیں کرنا چاہیے، اور دوسری سب سے اہم بات یہ ہے کہ کسی بھی تعلق، چاہے وہ شوہر ہو، دوست ہو یا کوئی مرد باس، کی خاطر اپنی اصل شناخت اور شخصیت کو کبھی تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔ لوگ اکثر چاہتے ہیں کہ آپ ان کی مرضی کے مطابق خود کو بدل لیں لیکن یہ عمل آخرکار آپ کی اپنی ذات کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

معروف صحافی نجم سیٹھی اور جگنو محسن کی بیٹی اور گلوکار علی سیٹھی کی بہن میرا سیٹھی نے نومبر 2019 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم اس جوڑے نے سال 2023 میں اپنی راہیں جدا کر لی تھیں اور گزشتہ برس اس علیحدگی کی عوامی سطح پر تصدیق کی گئی تھی۔

معاشرتی رویوں پر بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھ پر شادی کے لیے کوئی خاندانی یا سماجی دباؤ نہیں تھا، بلکہ انہوں نے نسبتاً زیادہ عمر میں اپنی پسند، محبت اور آئیڈیلزم کی بنیاد پر شادی کا یہ اہم فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے معاشرے میں طلاق یافتہ خواتین پر کی جانے والی تنقید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی عورت حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے یا سمجھوتہ کرنے سے انکار کرتی ہے تو لوگ اکثر انگلیاں اٹھاتے ہیں اور طعنے دیتے ہیں کہ ‘کڑی ایڈجسٹ نہیں کر سکی’۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ یہ رشتہ ان کی اپنی مرضی سے شروع اور ختم ہوا، اس لیے وہ اس کے انجام کی پوری ذمہ داری خود قبول کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ میرا سیٹھی ‘کچھ ان کہی’، ‘محبت صبح کا ستارہ ہے’، ‘چپکے چپکے’ اور ‘ڈاکٹر بہو’ جیسے مقبول ترین پاکستانی ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔