فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات؛ دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز اور پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا سرکاری دورہ کیا ہے، جس کا بنیادی مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچانا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، انقرہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا جو پاک ترک لازوال دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ ایئرپورٹ پر اس وقت ایک انتہائی اہم ملاقات کی جب ترک صدر قطر کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے تھے۔

اعلیٰ سطحی ملاقات میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو اور ترک قومی انٹیلی جنس ادارے (MİT) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی موجود تھے۔

دفاعی و سفارتی ذرائع کے مطابق، ملاقات میں پاک ترک دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے، دفاعی پیداوار (خصوصاً ڈرون ٹیکنالوجی اور بحری منصوبوں) میں مشترکہ پیش رفت، مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس کے علاوہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یشار گولر سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو روایتی چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بعد ازاں، ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو سے ہونے والی ملاقات میں عسکری روابط اور پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ترکیہ کی مسلح افواج کے باوقار اعزاز "ترکش آرمڈ فورسز ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل” سے نوازا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک بری فوج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل میٹن توکیل نے کیا۔

انہوں نے انقرہ میں جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار ‘انیت کبیر’ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور عظیم ترک رہنما کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی سیکیورٹی اتحاد کو مزید گہرا کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔