بلوچستان میں ‘آپریشن شعبان’ تیزی سے کامیابی کی طرف گامزن؛ مزید 6 دہشت گرد ہلاک، مجموعی تعداد 123 تک پہنچ گئی

کوئٹہ: بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے پاک فوج، فرنٹئیر کونسٹیبلری (ایف سی) اور پولیس کا مشترکہ "آپریشن شعبان” کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، حالیہ کارروائیوں کے دوران فورسز نے فضائی اور زمینی حملوں کے ذریعے خوارجیوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، فورسز نے ایک کامیاب کارروائی میں دہشت گردوں کی گاڑی کو نشانہ بنا کر مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد اب تک صرف ‘آپریشن شعبان’ کے تحت مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 85 تک پہنچ گئی ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خاران اور مستونگ کے علاقوں میں بھی ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں، جہاں ایک خطرناک خودکش بمبار سمیت مزید 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک بلوچستان میں شروع کیے گئے آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 123 خوارجی دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے۔

ترجمان سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔