ممبئی: بالی ووڈ کے سدا بہار اسٹار اور "مسٹر پرفیکشنسٹ” عامر خان اپنی قریبی دوست گوری اسپرٹ سے تیسری شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد بھارت میں ایک بار پھر شدید ترین تنازع کا شکار ہو گئے ہیں۔
ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے اداکار کی شادی پر سخت احتجاج اور ان کے پتلے نذرِ آتش کرنے کا سلسلہ جاری تھا کہ اسی دوران ایودھیا سے تعلق رکھنے والے ایک بدنامِ زمانہ ہندو انتہا پسند رہنما جگد گرو پرمہنس آچاریہ نے عامر خان کو قتل کرنے والے شخص کے لیے 5 کروڑ بھارتی روپے نقد انعام دینے کا انتہائی سنسنی خیز اور اشتعال انگیز اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، انتہا پسند پنڈت پرمہنس آچاریہ نے عامر خان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی اداکار کا سر قلم کر کے ان کے پاس لائے گا، وہ اسے 5 کروڑ روپے کا نقد انعام دیں گے اور اگر کسی میں یہ ہمت نہ ہوئی تو وہ خود عامر خان کو ڈھونڈ کر مار ڈالیں گے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے قاتل کو ہر قسم کی قانونی امداد فراہم کرنے اور اس کے عدالتی اخراجات بھی خود برداشت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پرمہنس آچاریہ کا دعویٰ ہے کہ ایسے پرتشدد اقدامات سے اس عمل کی حوصلہ شکنی ہوگی جسے انتہا پسند حلقے "لو جہاد” کا نام دیتے ہیں۔
اس سنگین معاملے کو اس وقت ہوا ملی جب بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک انتہا پسند وزیر نتیش رانے نے عامر خان کی ذاتی زندگی اور ماضی کی شادیوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں سرِ عام "لو جہاد کا برانڈ ایمبیسیڈر” قرار دے دیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عامر خان نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یکے بعد دیگرے ہندو خاندانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین سے شادیاں کی ہیں۔ پنڈت پرمہنس آچاریہ نے اس حکومتی وزیر کے بیان کی کھلے عام حمایت کرتے ہوئے قتل کی سپاری کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ 59 سالہ عامر خان 5 جولائی کو اپنی دیرینہ دوست گوری اسپرٹ (Gori Sprott) کے ساتھ انتہائی سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس سے قبل وہ رینا دتہ اور کرن راؤ سے شادیاں کر چکے ہیں جو طلاق پر ختم ہوئیں۔
عامر خان کی تیسری شادی پر ملنے والی ان سنگین دھمکیوں کے بعد تاحال اداکار یا ان کی باضابطہ ٹیم کی جانب سے کوئی بھی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی ممبئی پولیس کی جانب سے دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کسی قانونی کارروائی کی تصدیق کی گئی ہے۔
بھارت میں ماضی میں بھی عامر خان کو اپنے سیاسی و مذہبی بیانات پر شدید مخالفت کا سامنا رہا ہے، تاہم 5 کروڑ روپے کے انعام کا یہ حالیہ معاملہ انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر گیا ہے۔

