آئی سی سی نے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 اور ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کے نئے قوانین کی منظوری دیدی

ایڈنبرا: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دنیا بھر میں کرکٹ کے کھیل کو مزید دلچسپ، مسابقتی اور سنسنی خیز بنانے کے لیے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 اور ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کے فارمیٹس میں دور رس اور انتہائی اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں منعقدہ آئی سی سی کے سالانہ جنرل اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اب دونوں بڑے عالمی ٹورنامنٹس بالکل نئے قوانین اور ڈھانچے کے تحت کھیلے جائیں گے، جن میں ہر مقابلے کی اہمیت بڑھ جائے گی اور ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کے لیے ٹیموں کو پہلے سے کہیں زیادہ کٹھن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کا نیا فارمیٹ:
جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، تاہم اب فائنل تک رسائی کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل ایک انوکھا نظام متعارف کرایا گیا ہے:

  • پہلا مرحلہ (سپر سیریز): عالمی رینکنگ میں سب سے نیچے موجود تین ٹیموں (بارہویں، تیرہویں اور چودہویں نمبر کی ٹیموں) کے درمیان ایک "سپر سیریز” راؤنڈ رابن میچز کھیلے جائیں گے، جس کی فاتح ٹیم دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
  • دوسرا مرحلہ (گروپ اسٹیج): باقی رہ جانے والی 12 ٹیموں کو 6، 6 ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ان دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں اور ان کے بعد مجموعی طور پر بہترین رینکنگ (ریکارڈ) رکھنے والی ایک مزید ٹیم یعنی مجموعی طور پر 7 ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں پہنچیں گی۔
  • تیسرا مرحلہ (سپر 7): پہلی بار متعارف کرائے گئے اس مرحلے میں تمام ساتوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کا نیا فارمیٹ:
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے 20 ٹیموں کے ٹی20 ورلڈ کپ 2028 میں روایتی "سپر 8” مرحلے کو ختم کر کے اب "سپر 10” مرحلہ متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے:

  • ابتدائی مرحلہ: 20 ٹیموں کو 4، 4 ٹیموں کے حساب سے 5 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر 10 راؤنڈ میں داخل ہوں گی۔
  • سپر 10 مرحلہ اور ایلیمینیٹرز: سپر 10 مرحلے میں 5، 5 ٹیموں کے دو گروپس بنیں گے۔ دونوں گروپس کی نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیں گی۔ جبکہ سیمی فائنل کی باقی دو ٹیموں کا فیصلہ کرنے کے لیے تاریخ میں پہلی بار "ایلیمینیٹر” میچز ہوں گے، جہاں ہر گروپ کی دوسرے نمبر کی ٹیم مخالف گروپ کی تیسرے نمبر کی ٹیم سے ٹکرائے گی۔ ان ایلیمینیٹر مقابلوں کے فاتحین سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گے۔

آئی سی سی بورڈ نے اس کے علاوہ ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل ایک خصوصی عالمی ٹی20 ٹورنامنٹ کی بھی اصولی منظوری دے دی ہے، جو ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل منعقد کیا جائے گا اور اس کی حتمی منظوری نومبر میں متوقع ہے۔

ساتھ ہی 2028ء کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے نئے کوالیفکیشن نظام کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت براہِ راست کوالیفائی نہ کرنے والی ٹیمیں گلوبل اور علاقائی کوالیفائرز کے ذریعے مینز ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔

آئی سی سی کا ماننا ہے کہ ان تبدیلیوں سے ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ سے مسابقت عروج پر ہوگی۔