لاہور: پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نو منتخب ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے مستقبل کے طویل المدتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اگلا ہدف آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے ایک مضبوط، متوازن اور ناقابلِ شکست ون ڈے اسکواڈ تیار کرنا ہے، جس کے لیے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل پوڈ کاسٹ کی 75ویں قسط میں گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واضح کیا کہ ٹیم مینجمنٹ صرف ایک ہی مخصوص گروپ یا سینیئر کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کے بجائے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف آئندہ ڈیڑھ سال کے دوران بہترین ممکنہ ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ تیار کرنا ہے۔ حالیہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) کے وائٹ بال کیمپ نے ہمیں نئے ٹیلنٹ اور ان کی صلاحیتوں کو باریک بینی سے جانچنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔
مائیک ہیسن نے پاکستانی ون ڈے ٹیم کی روایتی خامیوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ون ڈے کرکٹ کے مڈل اوورز (Middle Overs) میں زیادہ مؤثر بیٹنگ کی ضرورت ہے تاکہ اسکور بورڈ کو متحرک رکھا جا سکے۔
اس کے علاوہ، بولنگ کے شعبے میں پاور پلے کے دوران زیادہ وکٹیں حاصل کرنے اور بولنگ میں تسلسل لانے پر خصوصی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کھلاڑیوں کے فٹنس معیار میں بہتری لائے بغیر بین الاقوامی سطح پر تسلسل برقرار رکھنا ممکن نہیں۔
ہیڈ کوچ نے شائقینِ کرکٹ اور میڈیا سے نوجوانوں پر دباؤ نہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں نئے کھلاڑیوں کو فوری کامیابی نہیں ملتی، اس لیے ان کی صلاحیتوں پر صبر اور اعتماد دکھانا ہوگا۔ کئی نوجوان کھلاڑی باصلاحیت ضرور ہیں لیکن انہیں ورلڈ کلاس بننے کے لیے مزید محنت اور وقت درکار ہوگا۔
آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ہونے والی ون ڈے سیریز کے حوالے سے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ کینگروز ایک مضبوط حریف ہیں اور یہ سیریز ہمارے نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بہترین اسٹیج ثابت ہوگی۔
انہوں نے پاکستانی شائقین کو دنیا کے سب سے پُرجوش شائقین قرار دیتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اس عبوری دور (Transition Phase) میں ٹیم اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آسٹریلیا سیریز کے بعد بھی مختلف تربیتی کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

