تہران: مشرقِ وسطیٰ کو ایک بڑی اور ہولناک جنگ سے بچانے کے لیے پاکستان کا امن مشن کامیابی کی آخری دہلیز پر پہنچ گیا ہے۔
تہران میں موجود پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر معمولی سفارتی سرگرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ایک اور اہم ترین ملاقات کی ہے، جس میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حتمی مسودے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس فالو اپ ملاقات میں امریکہ ایران جنگ کے مستقل خاتمے اور خطے میں پائیدار قیامِ امن کے طریقہ کار (Mechanisms) پر باریک بینی سے غور کیا گیا۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہتے ہوئے باضابطہ طور پر اعتراف کیا کہ پاکستان کی انتھک کوششوں اور مڈل مینڈ الائنس کی بدولت امریکہ اور ایران کے مابین جاری مذاکرات میں انتہائی مثبت اور تیز رفتار پیشرفت ہو رہی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال اور مذاکرات کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد واپسی کا پروگرام مؤخر کر دیا ہے اور وہ آج بھی تہران میں ہی قیام کریں گے۔
محسن نقوی وائٹ ہاؤس اور تہران کے مابین حتمی پیغامات کی ترسیل اور مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے پسِ پردہ اہم ترین ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس کامیاب سفارت کاری نے نہ صرف خلیج میں جنگ کے بادلوں کو چھٹایا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مضبوط اور معتبر امن کار (Peace Maker) کے طور پر بھی منوایا ہے۔

