امریکہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کا تاریخی مشن؛ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے
تہران: واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری شدید عسکری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کا تاریخی مڈل ایسٹ امن مشن حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک اہم سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں۔
تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وہاں موجود تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، فیلڈ مارشل کا یہ دورہ دونوں عالمی طاقتوں (امریکہ اور ایران) کے درمیان جاری پاکستانی ثالثی کی کوششوں کا کلیدی حصہ ہے، جہاں وہ ایران کی اعلیٰ ترین عسکری و سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو بار ایران کا مختصر اور ہنگامی دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ایک طویل اور تفصیلی ملاقات کی، جس میں امریکہ کے ساتھ جنگ بندی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے طریقہ کار (میکانزم) پر غور کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی آج بھی تہران میں ہی قیام کریں گے اور امریکہ ایران مذاکرات کے تحریری مسودوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔
سینئر دفاعی اور سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خود تہران کا دورہ کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ ایران ڈیل کے تمام بنیادی اور عسکری نکات تقریباً طے پا چکے ہیں۔
یہ دورہ ایسے نازک وقت میں ہو رہا ہے جب ایران امریکی جنگ بندی کی تجاویز پر اپنا حتمی اور باضابطہ ردِعمل دینے کے بالکل قریب ہے۔ اگر یہ مشن کامیاب ہوتا ہے تو یہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارت کاری کی بہت بڑی تاریخی فتح ہوگی۔

