منفی پروپیگنڈا اور پراکسیز پاکستان کی ترقی نہیں روک سکتیں، دشمن قوتیں ناکام ہوں گی؛ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دشمن قوتوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کے سفر کو منفی پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں پلنے والی دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے سامنے پراکسیز کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی تمام کوششیں بالآخر ناکام ہوں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔

فیلڈ مارشل نے اسٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار کو سمجھیں۔

انہوں نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تینوں مسلح افواج کے درمیان مثالی ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور صوبے میں امن و استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے ان کے بلند حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے حکومتِ بلوچستان کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "پائیدار ترقی اور طویل المدتی خوشحالی کے لیے عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی ناگزیر ہے۔ موثر سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ بہتر طرزِ حکمرانی ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔”

چیف آف ڈیفنس فورسز نے اعادہ کیا کہ مسلح افواج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں جتنا بھی منفی پروپیگنڈا کر لیں، وہ پاکستانی عوام کے اتحاد اور ریاست کی عسکری قوت کو شکست نہیں دے سکتیں۔