بھارت نے دوبارہ للکارا تو اس کا جغرافیہ بدل کر تاریخ کا حصہ بنا دیں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھارتی آرمی چیف کو کرارا جواب
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی عسکری قیادت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیانات کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ "بھارت کو ماضی میں جو مار پڑی ہے، وہ ابھی تک اس کے زخم سہلا رہا ہے۔ بھارت کو بھولنا نہیں چاہیے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا بہتر طور پر جانتا ہے”۔
ایران پر حملے کے امکانات کی تردید: خطے کی مجموعی صورتحال اور ایران پر ممکنہ امریکی و اسرائیلی حملوں سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے دوٹوک موقف اختیار کیا۔ انہوں نے ایران پر دوبارہ حملے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کے دیگر ممالک مزید کسی جنگ کے حق میں نہیں ہیں، اس لیے امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔
28 ویں ترمیم پر وضاحت: ملکی سیاسی صورتحال اور قانون سازی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ تاحال 28 ویں ترمیم کے حوالے سے وفاقی کابینہ میں کوئی مشاورت یا بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو قبل از وقت قرار دیا۔
وزیر دفاع کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک طرف لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا ہے اور دوسری طرف مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اور اسرائیلی نقل و حرکت کے باعث شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔

