سعودی وزارت حج و عمرہ کا نئے عمرہ سیزن کی تاریخوں کا اعلان؛ 31 مئی سے ویزوں کا اجرا، نسک ایپ پر اجازت نامے یکم جون سے دستیاب ہوں گے
ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے آئندہ عمرہ سیزن 1448 ہجری کے آغاز اور اختتام سے متعلق اہم ترین تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی دنیا بھر سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند زائرین نے اپنی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق نئے عمرہ سیزن کے تحت دنیا بھر سے زائرین 15 ذوالحج 1448 ہجری سے مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکیں گے۔ مملکت کی جانب سے عمرہ ویزوں کے باقاعدہ اجرا کا آغاز 31 مئی 2026 سے کر دیا جائے گا۔
نسک ایپ اور اجازت ناموں کا حصول: وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ تمام زائرین کو جدید ڈیجیٹل سسٹم کے تحت سرکاری ‘نُسک’ (Nusuk) ایپ کے ذریعے ہی عمرہ اجازت نامے (پرمٹس) حاصل کرنا ہوں گے۔
یہ اجازت نامے یکم جون 2026 سے ایپ پر دستیاب ہوں گے۔ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی سفری دشواری سے بچنے کے لیے بروقت رجسٹریشن اور اپنی دستاویزات کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔
ویزوں کے اجرا اور آمد و رفت کی آخری تاریخیں: سعودی وزارت نے زائرین کی سہولت اور سیزن کو منظم بنانے کے لیے درج ذیل شیڈول جاری کیا ہے:
-
ویزوں کے اجرا کی آخری تاریخ: 1 شوال 1448 ہجری (بمطابق 9 مارچ 2027)
-
سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ: 15 شوال 1448 ہجری (بمطابق 23 مارچ 2027)
-
مملکت سے واپسی/ روانگی کی آخری تاریخ: 30 شوال 1448 ہجری (بمطابق 7 اپریل 2027)
سعودی حکام نے تمام زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ عمرہ کی ادائیگی کے دوران سعودی عرب کے طے شدہ سفری قوانین اور صحت سے متعلق تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

