سلہٹ ٹیسٹ؛ بنگلادیش نے دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر پاکستان کو 437 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا، خراب روشنی کے باعث تیسرے دن کا کھیل قبل از وقت ختم

سلہٹ: بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان سلہٹ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز میزبان ٹیم نے پوزیشن انتہائی مضبوط کر لی ہے۔ بنگلادیش نے دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آل آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔

تیسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث قبل از وقت ختم کر دیا گیا، اور قومی ٹیم کل (چوتھے روز) ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔

بنگلادیش نے تیسرے روز کا آغاز 110 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو تجربہ کار مشفق الرحیم اور کپتان نجم الحسن شانتو کریز پر موجود تھے۔ کپتان شانتو جلد ہی 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کا شکار بنے۔

اس کے بعد مشفق الرحیم اور لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 123 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کی۔ مشفق الرحیم نے 137 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ پہلی اننگز کے سنچری میکر لٹن داس نے 69 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں محمود الحسن جوئے 52، مومن الحق 30 اور تیج الاسلام نے 22 رنز بنائے۔ پوری بنگلادیشی ٹیم دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر خرم شہزاد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسپنر ساجد خان نے 3، حسن علی نے 2 اور محمد عباس نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں لٹن داس کے 126 رنز کی بدولت 278 رنز بنائے تھے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں بیٹنگ لائن کی ناکامی کے باعث 232 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور میزبان ٹیم کو 46 رنز کی اہم سبقت ملی تھی۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں بابر اعظم 68 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ساجد خان نے 38 اور کپتان شان مسعود نے 21 رنز بنائے۔ اوپنرز اذان اویس (13) اور عبداللہ فضل (9) ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے تھے۔

بنگلادیش کی طرف سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں بنگلادیش کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے، جہاں اس نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کو سیریز بچانے کے لیے چوتھے اور پانچویں دن غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔