امریکی سینٹکام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے پاکستان کو انسدادِ دہشت گردی کا قابلِ اعتماد اور کلیدی شراکت دار قرار دے دیا
واشنگٹن: امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو ایک بار پھر اہم ترین تسلیم کرتے ہوئے اسے انسدادِ دہشت گردی کا "قابلِ اعتماد اور کلیدی شراکت دار” قرار دے دیا ہے۔
امریکی سینیٹ کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں داعش خراسان (ISKP) کے خلاف جاری جنگ میں انتہائی کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ساتھ امریکہ کی مضبوط اور دیرینہ فوجی شراکت داری کے نتیجے میں دہشت گردوں کے خلاف انتہائی ٹھوس اور واضح نتائج حاصل ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے مشترکہ عزم اور دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
اس بریفنگ سے خطے میں ایک مستحکم اور اہم ملک کے طور پر پاکستان کی اہمیت ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوئی ہے۔
سربراہ سینٹکام نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں اور علاقائی سیکیورٹی خدشات کے باعث افغانستان بدستور واشنگٹن کی خصوصی توجہ کا محور بنا ہوا ہے۔ افغان سرزمین پر مختلف دہشت گرد گروپوں کی مسلسل موجودگی کے باعث افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست (Watch List) میں اب بھی پہلے نمبر پر ہے۔
ایڈمرل بریڈ کوپر کا مزید کہنا تھا کہ نہ صرف امریکہ بلکہ وسطی ایشیائی شراکت دار ممالک بھی افغان طالبان کے زیرِ اثر افغانستان سے پنپنے والے دہشت گردی کے خطرات اور سیکورٹی چیلنجز پر انتہائی محتاط اور گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے پاکستان کے ساتھ تزویراتی تعاون کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

