پاکستان میں ذی الحج 1447ھ کا چاند نظر آگیا؛ یکم ذوالحجہ کل اور عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی

کراچی: پاکستان میں ذی الحج 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس محکمہ موسمیات (میٹ آفس) کراچی میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان سمیت سپارکو اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شرکت کی۔ اسی طرح ملک کے دیگر صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کوئٹہ، پشاور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی معتبر شرعی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ کراچی سمیت ملک بھر میں مطلع صاف تھا جس کے باعث چاند باآسانی دیکھا گیا۔

زونل کمیٹی کے ارکان کے مطابق، کراچی سے 2 جبکہ خیبر پختونخوا کے شہروں مردان اور پشاور سے بھی محمد اور احمد نامی افراد سمیت 3 گواہان کی مصدقہ شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد شرعی اصولوں کے مطابق چاند کا حتمی اعلان کیا گیا۔

اب کل بروز پیر 18 مئی کو پاکستان میں یکم ذوالحجہ ہوگی جبکہ حج کا رکنِ اعظم ‘وقوفِ عرفہ’ 26 مئی بروز منگل کو ادا کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے بھی فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ 17 مئی کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی موافق ہیں کیونکہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر ساڑھے 18 گھنٹے سے زائد ہو چکی تھی۔

پاکستان کے ساتھ ساتھ سعودی عرب، ترکیہ، عمان، متحدہ عرب امارات اور تیونس میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آ چکا ہے اور وہاں بھی عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہی منائی جائے گی۔