بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں پر پاک فوج کا دندان شکن جواب؛ دھمکی "ذہنی دیوالیہ پن اور جنگی جنون” ہے، پاکستان ناقابلِ تردید ایٹمی حقیقت ہے: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندرا دویویدی کے حالیہ انٹرویو میں دیے گئے اشتعال انگیز بیان پر سخت اور دوٹوک ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان ایک تسلیم شدہ ایٹمی طاقت اور جنوبی ایشیا کے جغرافیے کی ناقابلِ تردید حقیقت ہے، جسے مٹانے کا خواب دیکھنا "ذہنی دیوالیہ پن اور جنون” کے سوا کچھ نہیں۔

بھارتی آرمی چیف نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستان کو دھمکی آمیز لہجے میں کہا تھا کہ "پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے کہ نہیں”۔

اس کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ بیان ہندوتوا نظریے کے زیرِ اثر بھارتی قیادت کی اس گمراہ کن اور وہمی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود پاکستان کے وجود کے تصور کو قبول نہیں کر سکی۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ایک خودمختار ایٹمی ہمسایہ ملک کو "جغرافیے سے مٹانے” کی دھمکی دینا نہ تو کوئی اسٹریٹجک اشارہ ہے اور نہ ہی سفارتی دباؤ، بلکہ یہ خالصتاً جنگی جنون کا مظہر ہے۔

ترجمان نے یاد دلایا کہ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل، تدبر اور اسٹریٹجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں اور ایسی زبان استعمال نہیں کرتیں جو جنوبی ایشیا کو کسی بڑے بحران یا تباہ کن جنگ کی طرف دھکیل دے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت کا ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی، سرحد پار ٹارگٹ کلنگز اور عالمی سطح پر گمراہ کن معلومات پھیلانے کا ریکارڈ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے۔

نئی دہلی کا حالیہ جارحانہ رویہ دراصل اس مایوسی کا نتیجہ ہے جو اسے پاکستان کو نقصان پہنچانے میں مسلسل ناکامی پر ہوئی ہے، جس کی تازہ ترین مثال "معرکہ حق” کے دوران بھارتی شکست اور عالمی سطح پر رسوائی ہے۔

آئی ایس پی آر نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ پاکستان کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کے نتائج صرف جغرافیائی حدود تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس کے اثرات بھارت کے لیے تزویراتی (Strategic) اور سیاسی طور پر ناقابلِ برداشت ہوں گے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ خطے میں پُرامن بقائے باہمی کا راستہ اختیار کرے اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے۔