پشاور: پنجاب اور سندھ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت نے بھی عید الاضحیٰ کے پیشِ نظر صوبے بھر میں کاروباری مراکز اور مارکیٹوں پر عائد لاک ڈاؤن اور وقت کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں تجویز پیش کی کہ پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا میں بھی دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں نرمی کی جائے۔
گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گورنر کی اس تجویز سے مکمل اتفاق کیا ہے، جس کے بعد صوبے میں تاجروں اور عوام کے لیے بڑے ریلیف کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ "مارکیٹوں کے اوقاتِ کار میں نرمی سے نہ صرف تاجر برادری کا مالی نقصان کم ہوگا بلکہ عوام کو عید کی خریداری میں بھی سہولت میسر آئے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ صوبے کی معیشت کو استحکام مل سکے۔
رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال اور عوامی مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت یکم جون تک رات 8 بجے کی پابندی ختم کر چکی ہے جبکہ سندھ حکومت نے بھی کفایت شعاری مہم کے تحت لگایا گیا لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی اس فیصلے سے عید کی آمد پر تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے۔

