حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5، 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کو معمولی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5، 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، نئی قیمتوں کا اطلاق 16 مئی 2026 سے ہو گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول 414 روپے 78 پیسے سے کم ہو کر 409 روپے 78 پیسے فی لیٹر پر آ گیا ہے۔

اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 5 روپے کی کمی کے بعد 414 روپے 58 پیسے سے گھٹ کر 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتوں کے دوران پے در پے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کیا تھا، جس میں 29 اپریل کو ڈیزل 19 روپے 39 پیسے اور پیٹرول 6 روپے 51 پیسے مہنگا کیا گیا تھا، جس کے بعد پچھلے ہفتے بھی قیمتیں بڑھائی گئی تھیں۔

اس لحاظ سے حالیہ 5 روپے کی کمی کو عوام محض "اونٹ کے منہ میں زیرہ” قرار دے رہے ہیں۔