"دہشت گردوں کو بھارتی فنڈنگ اور اسرائیلی ٹریننگ حاصل ہے”؛ رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے سینیٹ میں خطاب اور پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر اہم بیانات دیے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کو بھارت کی جانب سے فنڈنگ اور اسرائیل کی جانب سے ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے افغانستان کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ کابل کو "دہشت گردوں یا پاکستان” میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے مراکز افغانستان میں ہیں اور پاکستان اپنی سلامتی کے لیے ان ٹریننگ کیمپس کو نشانہ بناتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گمراہ لوگ پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کا کوئی سیاسی مطالبہ نہیں ہے۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ سیاست کے بجائے محاذ آرائی کو ترجیح دی ہے اور آج وہ جس مقام پر ہیں، اس کے ذمہ دار وہ خود ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر عمران خان سیاستدان ہیں تو انہیں سیاست کرنی چاہیے، کیونکہ محاذ آرائی کے راستے پر چل کر کوئی بھی لیڈر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیکیورٹی سے متعلق تمام فیصلے سیاسی اور عسکری قیادت کی باہمی مشاورت سے ہو رہے ہیں۔