ڈھاکا: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ڈھاکا ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
کھیل کے اختتام تک بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 179 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
بارش اور خراب روشنی کے باعث آج بھی کھیل کا کافی وقت ضائع ہوا۔
بنگلا دیش نے چوتھے روز اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو محمد عباس نے جلد ہی محمود الحسن جوئے (5) کو آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی، جبکہ شادمان اسلام (10) حسن علی کا شکار بنے۔
تاہم مومن الحق اور کپتان نجم الحسن شانتو نے تیسری وکٹ کے لیے 105 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
مومن الحق 56 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان شانتو 58 اور مشفیق الرحیم 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
آج کا دن ریکارڈز کے حوالے سے بھی اہم رہا۔ اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے مومن الحق کی وکٹ لے کر اپنی 400 بین الاقوامی وکٹیں مکمل کر لیں، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے نویں پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں۔
دوسری جانب بنگلا دیشی بیٹر مومن الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے تیسرے بنگلا دیشی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 413 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 386 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔
کل میچ کا پانچواں اور آخری دن ہے، جہاں بنگلا دیش کی کوشش ہوگی کہ بڑا ہدف دے کر پاکستان کو دباؤ میں لائے۔

