معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ؛ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عسکری قیادت کی قوم کو مبارکباد، "دشمن کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب ہو گیا”

راولپنڈی: ‘معرکۂ حق’ کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پوری قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دن پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور قومی اتحاد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق نے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر ابھارا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ اس معرکے کے دوران پاکستان کے مؤثر اور بھرپور جوابی عمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ آپریشنز کے جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا، جس سے دشمن کو شدید رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلح افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی محاذوں پر اپنی برتری ثابت کی ہے۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے معرکۂ حق کے بعد اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید نکھارتے ہوئے ‘مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس’ کو تقویت دی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج ہر قسم کے روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز بشمول پراکسی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کے احترام سے ہی ممکن ہے، اور پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل ثابت قدم ہے۔