معرکۂ حق کا ایک سال مکمل؛ "دشمن کو عبرتناک شکست دی، پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے”، صدر اور وزیراعظم کا قوم اور افواج کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: ‘معرکۂ حق’ کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں، جن میں دشمن کی جارحیت کے خلاف پاک افواج کے فولادی دفاع اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکۂ حق کی کامیابی کا کلیدی محور قرار دیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے جس نے دشمن کو متوازن جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا۔
صدر زرداری نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش کو ‘آبی دہشت گردی’ قرار دیا اور واضح کیا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق اللہ کے انعامات پر شکر کا دن ہے، جس میں پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور اب سائبر محاذ پر بھی پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر قوت بن چکا ہے۔
وزیراعظم نے دوٹوک اعلان کیا کہ پاکستان ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہندوستان’ کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا اور ایران امریکہ تنازع میں پاکستان کے کامیاب ثالثی کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور عالمی امن کے ضامن ملک کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔

