معرکہ حق کا ایک سال مکمل: "دشمن کی ہر مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا”؛ پاک افواج کا بھارت کو دوٹوک پیغام

بھارت کے خلاف تاریخی ‘معرکہ حق’ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک افواج نے دشمن کے لیے ایک طاقتور اور واضح پیغام جاری کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمن کے ناپاک عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی دفاعی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کیا ہے، اور آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ معرکہ حق نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی جہت دی بلکہ پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا بھر میں ثابت کیا۔

اعلامیے کے مطابق، پاک فضائیہ اب جدید ٹیکنالوجی، اسمارٹ سسٹمز اور ‘Niche & Disruptive’ صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔

ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے فضائیہ کو جدید تقاضوں کے عین مطابق ایک موثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے، جبکہ معرکہ حق کے دوران انجام دیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں ایک منفرد اور روشن باب بن چکے ہیں۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور مسلح افواج ذمہ دارانہ اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں، تاہم خطے کی بدلتی جیو پولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے مکمل باخبر ہیں۔ پاک افواج مستقبل کے جنگی ماحول کے لیے پہلے سے زیادہ مستعد ہیں اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

پیغام کے اختتام پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ فضائیہ ہمیشہ قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت رہے گی اور ان شاء اللہ ہمیشہ ‘Second to None’ ثابت ہوگی۔