دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا؛ ڈی جی آئی ایس پی آر کی دبنگ پریس کانفرنس

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اللہ کے فضل سے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو ملٹی ڈومین وار (زمین، فضا، سمندر، سائبر اور ذہنوں کی جنگ) میں شکست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل افواجِ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا اور یہ بات پاکستانی بچوں کے ساتھ ہندوستانی بچہ بھی جانتا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ معرکۂ حق میں جو کچھ دنیا نے دیکھا، وہ ہماری مجموعی پاور پوٹینشل کا محض 10 سے 15 فیصد ہے، اور کسی کو شک ہے تو یاد رکھے کہ ہم نے ابھی صرف ایک قسط دکھائی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اپنے لوگوں پر حملے کروا کر الزام دوسروں پر ڈالتا ہے۔

انہوں نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت ثبوت سامنے لانے میں ناکام کیوں ہے؟ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ "کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا”، ہم پہلے بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پروفیشنل فوج کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے اور وہاں کے سیاست دان، سیاست دان کم اور جنگجو زیادہ لگتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے۔

انہوں نے افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہر پاکستانی کو عزیز ہے اور سعودی عرب کو تھریٹ ہمارے لیے بھی خطرہ ہے۔

پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر عظیم الشان پریڈ ہوگی جس میں پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کی ایک اور جھلک دکھائے گا۔