پروجیکٹ فریڈم روکنے پر صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں، پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا؛ وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کو گزرنے میں معاونت کے امریکی منصوبے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو عارضی طور پر روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان اور دیگر برادر ممالک، بالخصوص سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بروقت اقدام اس نازک دور میں خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور ایک دیرپا معاہدے کی راہ ہموار ہوگی۔

​اسلام آباد میں چھٹی ‘پیغامِ اسلام کانفرنس’ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی دعوت پر 1979 کے بعد پہلی بار امریکا اور ایران کی قیادت کے درمیان براہِ راست مذاکرات ہوئے ہیں۔

انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، چین اور ترکیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان امن مذاکرات کے لیے اپنا حصہ ڈالا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی انتھک سفارتی کوششوں کو بھی سراہا، جن کی بدولت فریقین مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے تیار ہوئے۔

​شہباز شریف نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ حرمین شریفین کا دفاع پاکستان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے اور پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحمل، بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم نے فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک ان مظلوم عوام کو ان کا حق نہیں مل جاتا، پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے امت کو تقسیم کرنے والے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کی بھی شدید مذمت کی۔