ملک میں پیٹرول و ڈیزل کے ذخائر تسلی بخش ہیں، مئی و جون تک بلا تعطل فراہمی یقینی بنا لی گئی؛ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر کی آئل ریفائنریز اور اسٹوریج تنصیبات کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی، وزیر مملکت برائے خزانہ، اور پیٹرولیم و داخلہ کے سیکرٹریز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزارت پیٹرولیم کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر کی صورتحال انتہائی تسلی بخش ہے۔ حکام کے مطابق مئی 2026 کے تیسرے ہفتے اور بالخصوص جون 2026 کے وسط تک ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے وافر اسٹاک موجود ہے۔ سپلائی کی صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے لیے ‘نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ منیجمنٹ کمیٹی’ (NCMC) کو فعال کر دیا گیا ہے جو ترسیل کے عمل کی نگرانی کر رہی ہے۔

سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تمام اہم توانائی تنصیبات کے تحفظ کے لیے اسٹیک ہولڈرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) کے ساتھ مل کر جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق، ان اضافی سکیورٹی اقدامات پر آنے والے اخراجات متعلقہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں خود برداشت کریں گی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے موجودہ سکیورٹی انتظامات اور ایندھن کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی ریلیف اور معاشی استحکام کے لیے ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ حکومت نے عزم کا اعادہ کیا کہ اہم قومی تنصیبات کا تحفظ اور توانائی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔