بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کا بڑا ریسکیو آپریشن؛ بھارتی اور انڈونیشیائی عملے کی جان بچا لی گئی

پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایک کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے مشکل میں گھرے غیر ملکی بحری جہاز "ایم وی گوتم” کو بچا لیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، عمان سے بھارت جانے والے اس جہاز میں سمندر کے بیچ تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس کے بعد جہاز اور عملہ خطرے میں پڑ گیا۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق، میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (MRCC) ممبئی نے ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانی حکام سے مدد کے لیے رابطہ کیا۔ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) کے جہاز "کشمیر” کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا۔

آپریشن کے دوران پی ایم ایس اے کشمیر کے عملے نے ایم وی گوتم پر موجود 6 بھارتی اور ایک انڈونیشیائی شہری پر مشتمل عملے کو فوری خوراک، ضروری طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔ پاک بحریہ کی اس بروقت مداخلت سے نہ صرف انسانی جانیں محفوظ رہیں بلکہ جہاز کو درپیش تکنیکی بحران پر بھی قابو پا لیا گیا۔

پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سمندر میں کسی بھی قومیت سے بالاتر ہو کر انسانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور یہ آپریشن پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ کردار اور انسانی ہمدردی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تمام غیر ملکی عملہ محفوظ ہے اور انہیں ضرورت کے مطابق ہر ممکن سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔