حیدرآباد کنگزمین فائنل میں پہنچ گئی؛ سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (PSL) سیزن 11 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے ہرا کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اب اتوار کو ہونے والے بڑے ٹاکرے میں ان کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر حیدرآباد نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔

عثمان خان نے 61 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ مارنس لبوشین 39، صائم ایوب 38 اور کوشل پریرا 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

حیدرآباد کی اننگز میں عثمان خان اور کوشل پریرا کے درمیان 101 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچایا۔

اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم نے 2، کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 184 رنز بنا سکی اور صرف 2 رنز کے معمولی فرق سے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

یونائیٹڈ کی جانب سے مارک چیپمین 43، حیدر علی 31 اور ڈیون کونوے 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

میچ کا آخری اوور انتہائی ڈرامائی رہا جہاں اسلام آباد کو جیت کے لیے صرف 6 رنز درکار تھے لیکن نوجوان فاسٹ بولر حنین شاہ نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے ان رنز کا کامیابی سے دفاع کیا اور اپنی ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ دلوا دیا۔

حیدرآباد کی جانب سے حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حسان خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ لی۔