باجوڑ میں کھیل کے میدان پر بزدلانہ حملہ؛ ‘فتنہ الخوارج’ نے کواڈ کاپٹر سے بم برسا دیے، 3 افراد زخمی

باجوڑ: ضلع باجوڑ کے علاقے ماموند کی تحصیل شاہی تنگی میں دہشت گردی کی ایک انوکھی اور بزدلانہ واردات سامنے آئی ہے جہاں ‘فتنہ الخوارج’ نے ایک کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر (ڈرون) کے ذریعے حملہ کر دیا۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب گراؤنڈ میں نوجوان کھیل میں مصروف تھے، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج اپنے مذموم مقاصد کے لیے اب کواڈ کاپٹرز جیسی ٹیکنالوجی کا استعمال نہتے شہریوں پر کر رہے ہیں۔ زخمی ہونے والے تینوں افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کا براہِ راست مقابلہ کرنے میں ناکامی کے بعد اب سافٹ ٹارگٹس (شہری آبادی) کو نشانہ بنا کر خوف پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مارچ اور اپریل 2026 کے دوران افغانستان کی جانب سے باجوڑ کے سرحدی علاقوں ماموند اور سلارزئی میں مسلسل مارٹر گولے فائر کیے گئے۔ ان حملوں اور افغان طالبان کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 9 پاکستانی شہری شہید ہو چکے ہیں، جن میں 3 خواتین اور 6 معصوم بچے شامل ہیں۔

سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کی اس بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیاں صرف دہشت گردوں کی پوسٹوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر تک محدود ہیں تاکہ شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی وجہ سے مقامی عوام میں ان عناصر کے خلاف نفرت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔