"سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے”؛ بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کی خبریں مسترد کر دیں

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف جاری مہم اور پارٹی میں اختلافات کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے اور وہ بہترین طریقے سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "سہیل آفریدی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور ان کے خلاف مہم چلانے والوں کو صرف مایوسی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔”

یاد رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سہیل آفریدی کے بطور وزیراعلیٰ انتخاب کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پارٹی میں اختلافات کی بحث چھڑ گئی تھی۔ اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پی ٹی آئی متحد ہے اور پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو پوری پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور پسند و ناپسند کی بنیاد پر تبادلے یا عہدوں میں تبدیلی آئینی روح کے منافی ہے۔ ان کے اس بیان کو شیر افضل مروت اور دیگر معترضین کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ قیادت فی الحال صوبائی سیٹ اپ میں کسی تبدیلی کے حق میں نہیں ہے۔